پنجاب بھر میں15سے 27 اکتوبر تک انسدادخسرہ مہم چلانے کا فیصلہ

صوبائی وزیر صحت نے پنجاب کو خسرے سے پاک کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈاکٹر عائشہ

اتوار 2 ستمبر 2018 19:31

لاہور۔2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2018ء) محکمہ صحت پنجاب نے بچوں میںخسرے کی بیماری کی مئوثر روک تھام کے لئے 15سے 27 اکتوبر تک صوبہ بھر میں خسرے سے بچائو کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر عائشہ سعید نے بتایا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں خسرے کے حالیہ کیس سامنے آنے کے بعد صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب کو خسرے سے پاک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

10روزہ مہم کے دوران ایک سے 10 سال تک عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اتنے بڑے پیمانے پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی انسداد خسرہ مہم ہوگی۔ ڈاکٹر عائشہ سعید نے بتایا کہ وزیر صحت پنجاب نے لیہ میں خسرے کے مبینہ کیس سامنے آنے کا بھی سخت نوٹس لیا ہے اور اس ضمن میں ڈپٹی سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر یداللہ کو انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ سپیشل سیکرٹری نے کہا کہ انسداد خسرہ مہم میں عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور ملینڈا بل گیٹس فائونڈیشن جیسے ادارے تعاون کررہے ہیں۔ تمام اضلاع میں ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای اوز کو ٹیموں کی تشکیل کا کام مکمل کرکے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔