Live Updates

تحریک انصاف کا این اے 243میں ضمنی انتخاب کے لیے 4امیدواروں کا سروے کرانے کا فیصلہ

اتوار 2 ستمبر 2018 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2018ء) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ جاری کرنے سے متعلق اپنے 4 امیدواروں کا سروے کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی چھوڑی گئی نشست این اے 243 کی نشست پر تحریک انصاف کے 4 مضبوط امیدوار سامنے آگئے۔ ان میں رشید گوڈیل ، عالمگیر محسود، آفتاب صدیقی اور اشرف قریشی میں سخت مقابلہ ہے جبکہ پارٹی نے چاروں امیدواروں کا انتخاب سے قبل حلقے میں سروے کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے اس سے قبل عام انتخابات میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے شہریار آفریدی کو حلقے میں سروے کرائے جانے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا۔حلقہ این اے 243 گلشن اقبال، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، جمشید کوارٹرز، بہادرآباد اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل ہے جہاں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار علی رضا عابدی کو 67 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان نے اب اس حلقے پر فیصل سبزواری کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جس پر دلبرداشتہ ہو کر علی رضا عابدی نے گزشتہ رات پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے دوران جیتنے والے امیدواروں نے 28 نشستیں چھوڑی ہیں جن پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات