سندھ اسمبلی میں پولنگ کا عمل انتہائی خوش اسلوبی سے مکمل ہوا ہے، 5 ارکان نے حق رائے استعمال نہیں کیا، الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک

منگل 4 ستمبر 2018 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2018ء) الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پولنگ کا عمل انتہائی خوش اسلوبی سے مکمل ہوا ہے، 5 ارکان نے حق رائے استعمال نہیں کیا۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب کے لیے طے گئے ضابطہ اخلاق پر پوری طرح عمل ہوا ہے، 3 حلقوں پر ضمنی انتخاب اور 2 ارکان کے حلف نہ اٹھانے کی وجہ سے سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں سے 163 ارکان کو صدارتی انتخاب میں حق رائے دہی استعمال کرنا تھا مگر مجموعی طور پر 158 ووٹ ڈالے گئے، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سید مراد علی شاہ اور نادر مگسی بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ایوان میں نہیں آسکے جبکہ تحریک لبیک کے 3 اراکین محمد قاسم، محمد یونس سومرو اور ثروت فاطمہ نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا 158 میں سے 100 ووٹ پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن، تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی نے 56 اور ایم ایم اے کے امیدوار مولانا فضل الرحمن نے ایک ووٹ حاصل کیا جبکہ درست نشان نہ لگانے پر ایک ووٹ مسترد کردیا گیا۔