اپوزیشن ایوان میں عوامی مسائل کے حل اور ان کی پریشانیوں کے خاتمے کے لئے موثر انداز میں آواز بلند کریں ، پیر پگارا

سندھ اسمبلی کے ایوان میں صوبے کے عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لئے موثر اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے ، فردوس شمیم نقوی

جمعرات 6 ستمبر 2018 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2018ء) گرینڈ ڈیمو کریٹس الائنس (جی ڈی ای) کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگارا نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے پارلیمانی گروپوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایوان میں عوامی مسائل کے حل اور ان کی پریشانیوں کے خاتمے کے لئے موثر انداز میں آواز بلند کریں ۔انہوں نے یہ بات جمعرات کی شام فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں آنے والے پی ٹی آئی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

فردوس شمیم نقوی کو پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب نامزد کیا گیا ہے ۔ وفد کی کنگری ہائوس آمد پر جی ڈی اے کے مرکزی رہنما پیر صدر الدین شاہ راشدی نے خیرمقدم کیا اس موقع پر جی ڈی اے میں شامل ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، ان کے صاحبزادے ایم پی اے حسنین مرزا، عارف مصطفی جتوئی ، نند کمار گوکلانی، ڈاکٹر رفیق بھانھبن،قاضی شمس الدین راجڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فردوس شمیم نقوی نے جی ڈی اے کی جانب سے مختلف مواقع پر اپنی پارٹی اور ان کی حمایت کرنے پر پیر پگارا اور جی ڈی اے میں شامل جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پیر صاحب پگارا کو یقین دلایا کہ وہ سندھ اسمبلی کے ایوان میں صوبے کے عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لئے موثر اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے ۔پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو موجودہ اپوزیشن بڑی امیدیں وابستہ ہیں ہمیں امید ہے کہ فردوس شمیم نقوی اپوزیشن کے تمام پارلیمانی گروپوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور باہمی اتعماد اور تعاون کے رشتے کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے فردوس شمیم نقوی کو مشورہ دیا کیا وہ کراچی اور حیدر آباد کے ساتھ ساتھ دیہی سندھ کے ان دیہاتوں اور قصبوں کا بھی دورہ کریں جو سنگین مسائل سے دوچار ہیں تاکہ قائد حزب اختلاف ذاتی طور پر حالات کا مشاہدہ کرکے سندھ اسمبلی میں اس پر آواز اٹھا سکیں۔پیر صاحب پگارا نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ سندھ کے عوام کی بہتری اور ان کے مسائل پر جو بھی جرات مندانہ طریقے سے آواز اٹھائے گا ہمارا بھر پور تعاون اسے حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی چیز کے ساتھ لالچ یا مفاد وابستہ نہیں ، ہم صرف ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے خواہاں ہیں۔اس موقع جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے وفد کے درمیان سندھ اسمبلی میں قانون سازی اور دوسرے اہم امور کے سلسلے میں باہمی تعاون کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔