قبل از وقت سردی کیلئے تیار ہوجائیں، برفباری کی پیشن گوئی

آئندہ چند روز میں خیبرپختونخواہ کے علاقوں ناران، کاغان کی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 ستمبر 2018 23:16

قبل از وقت سردی کیلئے تیار ہوجائیں، برفباری کی پیشن گوئی
ناران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2018ء) قبل از وقت سردی کیلئے تیار ہوجائیں، برفباری کی پیشن گوئی، آئندہ چند روز میں خیبرپختونخواہ کے علاقوں ناران، کاغان کی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون بارشوں کے سلسلے میں کمی آنے کے بعد گرمی کی شدت میں بھی کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں واضح کمی آئی ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات نے موسم گرما کے اختتام سے قبل ہی برفباری کی پیشن گوئی بھی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں خیبرپختونخواہ کے علاقوں ناران، کاغان میں برفباری ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے علاقوں ناران، کاغان کی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری ہوگی۔

(جاری ہے)

اس باعث علاقے میں موسم سرد ہو جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع بھی ظاہر کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چند روز میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہوائوں، آندھی کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ گوجرانوالہ، راولپنڈی، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں اور کچھ دنوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پنجاب میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔