محرم الحرام کو جلوس کے روٹ پر واقع اہلسنت کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی، علماء کرام

اتوار 16 ستمبر 2018 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2018ء) بلوچستان کے علما کرام نے کہا ہے کہ 10 محرم الحرام کو جلوس کے روٹ پر واقع اہلسنت کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی ہمارے باہمی اختلافات علمی ہیں جن کو اسلام دشمن قوتوں نے ہمیشہ قتل و غارت گری کا مسئلہ بنانے کی ناکام کوشش کی ،علما کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کریں ، یہ بات ممتاز عالم دین قاری عبدالرحمن ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داود آغا ، علامہ جمعہ اسدی ، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ، علامہ سید ہاشم موسوی و دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر قاری رشید،سید نقیب اللہ آغا،علامہ یوسف عابدی ،علامہ مزمل، کونسلر میر محمد اسلم رند سمیت دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓنے میدان کربلا میں اسلام کی عظمت اور دین کے بقاء کیلئے شہادت کو ترجیح دیکر امت کو استبدادی نظام ، ظلم ، کفر کیخلاف جدوجہد کا درس دیا ، انہوں نے کہا کہ اس سال یوم عاشور جمعتہ المبارک کو آرہا ہے اس حوالے سے سنی و شیعہ علماء کرام و بلوچستان شیعہ کانفرنس نے مشترکہ پالیسی وضع کی ہے ، جلوس کے روٹ پر واقع اہلسنت کی متعدد جامع مساجد میں نماز جمعہ کا اہتمام اور ادائیگی کے پیش نظر کوئٹہ کے علماء،خطیبان اور متولی حضرات نے باہمی رضا مندی سے اس پر اتفاق کیا ہے کہ جلوس کی روٹ پر واقع اہلسنت کی جامع مساجد میں اہلسنت پورے اہتمام کیساتھ نماز ادا کرینگے اس ضمن میں کوئی رکاوٹ نمازیوں کیلئے حائل نہیں ہوگی ، انتظامیہ اور پولیس حکام نے اہلسنت کو اس بابت ضمانت فراہم کی ہے لہٰذا شہری افواہوں پرکان نہ دھریں ، کوئٹہ میں اہلسنت کی نماز جمعہ ایک بجے سے لیکر ڈیڑھ بجے کے دوران ادا ہو تی ہے لہٰذا جلوس روٹ پر واقع مساجد کی انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ نماز جمعہ ڈیڑھ بجے تک ادا کریں تاکہ اس کے بعد عزاداری جلوس کو سہولت کے ساتھ گزارا جائے انہوں نے کہا کہدہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج کا کردار قابل تعریف ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان تمام مسائل سے نجات کیلئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔