آنے والی نسلوں کو منشیات سے بچانے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،مسرت نذیر ملک

پیر 17 ستمبر 2018 14:50

گلگت ۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) انسداد منشیات فورس پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مسرت نذیرملک نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے منشیا ت فروشی کو روکنے کے لئے ملازمین کی کمی کے پیش نظر دس ہزار نئے ملازمین کی بھرتیوں کے لئے سمری وزیر اعظم پاکستان کو ارسال کر دی ہے ملازمین کی بھر تیوں میں گلگت بلتستان کو ترجیح دی جائے گی، سی پیک منصوبے کے تحت پاک چین سرحد پرپاک چین لیزان آفس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جس کا مقصد دونوں ملکو ں کے مابین منشیات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

سوست میں اے این ایف کے بارڈر لیزان آفس کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی مسرت نذیر ملک نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو منشیات سے بچانے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے سوست اور تا شقر غن میں اینٹی نار کوٹکس کے بار ڈر لیزان آفس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جہاں پر دونوں ممالک معلومات کے تبادلے کی بنیاد پر منشیات فروشی کے روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دو عظیم ممالک ہیں جو ایک دوسرے کے باہمی اشتراک سے منشیات کی روک تھام کے لئے مشترکہ طور پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔