قائد اعظم ٹرافی میں سلمان بٹ اور عابد علی کی سنچریاں،

عطااللہ اور کاشف بھٹی نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں

پیر 17 ستمبر 2018 15:46

قائد اعظم ٹرافی میں سلمان بٹ اور عابد علی کی سنچریاں،
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، سابق کپتا سلمان بٹ اور عابد علی نے سنچریاں بنائیں جبکہ عطااللہ اور کاشف بھٹی نے پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے لاہور بلیوز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 129 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 22 ویں سنچری ہے۔

حبیب بنک کے اوپنر عابد علی نے لاہور وائٹس کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 رنز بنائے جس میں 19 چوکے شامل تھے۔ نیشنل بنک کے فاسٹ بائولر عطااللہ نے پشاور ریجن کے خلاف عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح سوئی سدرن گیس کارپوریشن کے کاشف بھٹی نے ملتان ریجن کے خلاف میچ میں شاندار بائولنگ کی اور پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔