ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت اجلاس ،محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

محرم الحرام کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے لیے کئے گئے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا،اجلاس میں فیصلہ

پیر 17 ستمبر 2018 17:43

ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت اجلاس ،محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں پیر 17 ستمبر کو ڈی جی رینجرز ( سندھ ) میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ، جس میں محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں پولیس ، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے حوالے سے امن وامان کی صورت کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے پلان کا جائزہ لیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے لیے کئے گئے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا ۔

اجلاس کے دوران اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کا بھی ازسر نو جائزہ لیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا ۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر ، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں ۔