پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا

پیر 17 ستمبر 2018 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان نے دوران تفتیش ایک درجن سے زائد قتل ، اقدام قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر ایس ایس پی نے اسپیشل ٹیم بنا کر لیاری کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قتل اقدام قتل اور سنگین جرائم میں ملوث لیاری گینگ وار زاہد لاڈلہ گروپ کے ٹارگٹ کلر ساجد عرف چی چی ولد محمد الیاس ، فراز عرف چینا ولد محمد یونس کو پولیس مقابلوں کے بعد گرفتار کر لیا ۔

ملزمان سے دو نائن ایم ایم پستول ، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے 14 جون 2018 ء کو لیاری کے علاقے دبئی چوک میں فائرنگ کرکے مسماة حمیرہ زوجہ قادر بخش کو زخمی کیا تھا جبکہ 21 جولائی 2018 ء کو لیاری کے علاقے احمد شاہ بخاری روڈ پر اپنے دیگر ساتھیوں راشد عرف چکنا ، آصف اور اقبال کے ساتھ مل کر فائرنگ کرکے محمد شکیل ولد محمد عمر کو ہلاک کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح 7 اگست 2018 ء کو عید گا ہ لین احمد شاہ بخاری روڈ کے پاس فائرنگ کرتے ہوئے مسماة حنیفہ دختر شاہجہاں اور در محمد کو زخمی کیا ۔ 24 اگست 2018 ء کو دبئی چوک پھول پتی لین لیاری میں فائرنگ کرکے شعیب عرف کوڈو ولد وش دل کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا ۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ تاہم ملزمان سے بھی مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے ۔