Live Updates

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور یو اے ای کے دو روزہ دورے پر روانہ

شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین سے ملاقاتیں کریں گے، روضہ رسولؐ پر حاضری، عمرہ ادا کریں گے وزیراعظم وفد کے ہمراہ 19 ستمبر کی شام ابوظہبی پہنچیں گے، متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النیہان سے ملاقات کریں گے

منگل 18 ستمبر 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان منگل کو سعودی عرب اور یو اے ای کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ وزیر اعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پرسعودی عرب جبکہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یو اے ای کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی شاہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے ہمراہ وزراء اپنے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان وزیر خارجہ کے ہمراہ اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم روضہ رسول ؐ پر حاضری دیں گے اور عمرہ ادا کریں گے۔ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ 19 ستمبر کی شام ابوظہبی پہنچیں گے جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النیہان ان کا استقبال کریں گے۔ وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات