بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت وکیل کی عدم حاضری کے باعث ملتوی

بدھ 19 ستمبر 2018 19:40

بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت وکیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت وکیل اختر حسین کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کردی ہے ۔بدھ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

بلاول بھٹو ذرداری کے وکیل اختر حسین کی عدم حاضری کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔ عدالت میں وی آئی پی سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم نامہ عدالت میں پیش کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے سیکیورٹی خدشات والی شخصیات کو قانون کے مطابق سیکیورٹی دینی کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ میری جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

میری والدہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا جاچکا۔ شدت پسند تنظیمیں پیپلز پارٹی کو کھلی دھمکیاں دے چکی ہیں۔ شدت پسند تنظیمیں پیپلز پارٹی رہنماوں پر کئی حملے بھی کر چکیں۔ سیاسی مصروفیات کے باعث ملک بھر کے دوروں پر جانا پڑتا ہے۔ تمام صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی جائے۔