انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے حکومت کی نیت بالکل صاف ہے، علی محمد خان

پارلیمانی کمیٹی کی آئین کے تحت جو سفارشات آئینگی اس پر عمل کیا جائیگا، وزیر مملکت کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 20:54

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے حکومت کی نیت بالکل صاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے حکومت کی نیت بالکل صاف ہے، وزیر اعظم نے پہلے دن ہی کہا تھا ہم انتخابات میں دھاندلی کی اپوزیشن کی شکایت دور کرنے کیلئے تیار ہیں،اعلان کے بعد حکومت نے عملی طورپر پہلے اجلاس میں ترمیمی بل پیش کیا اور تحقیقات کرانے کے حوالے سے کام شروع کردیا۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاکہ وزیر اعظم نے دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے پہلے دن جو اعلان کیا تھا جس پر عملی طورپر پہلے ہی اجلاس میں ترمیمی بل پیش کیا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ انتخابات میں دھندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے کسی دھرنے ، جلوس اور نہ ہی کسی کو سپریم کورٹ جانے کی ضرورت پڑی۔

(جاری ہے)

حکومت نے اپوزیشن کے مطالبہ کو تسلیم کیا اور کمیٹی میں برابری کی بنیاد پر نمائندگی دی جارہی ہے۔ اس حوالے سے ہماری نیت اور دل صاف ہیں۔ علی محمدخان کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے اور طے ہوا کہ آئین کے تحت جو سفارشات آئیں گی اس پر عمل کیا جائے گا۔ ایک سوال کے بارے میں پاک بھارت کرکٹ میچ کے بارے میں وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت کے ساتھ میچ میں ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔ پوری قوم ان کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔