بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اہم اثاثہ ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی میں ان کا کلیدی کردار ہے،

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کی مدد کی ہے اور حکومت ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 22:07

بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اہم اثاثہ ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے آذربائیجان جاتے ہوئے دوحہ، قطر میں مختصر قیام کیا اور قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اہم اثاثہ ہیں اور پاکستان کی معاشی ترقی میں ان کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کی مدد کی ہے اور حکومت ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

صادق سنجرانی نے وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق د یا ہے اور اب بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی پورے سیاسی عمل کا حصہ ہیں اور ووٹ کے ذریعے وہ اپنی رائے دے سکتے ہیں اور اپنی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے مختلف سطح پر کوششیں جاری ہیں۔

محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ چیئرمین سینیٹ 4 رکنی وفد کے ہمراہ باکو روانہ ہوئے۔ چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں ایوان بالاء کے اس وفد کو آذربائیجان کی پارلیمان کے چیئرمین نے پارلیمنٹ کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دی ہے۔وفد ان تقریبات میں شرکت کے علاوہ آذربائیجان کے صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور سیاسی و پارلیمانی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے آپس میں دوستانہ تعلقات ہیں اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔ وفد میں سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل، محمد ایوب آفریدی اور نگہت مرزا شامل ہیں۔