مقبوضہ کشمیر:قابض انتظامیہ نے بصارت سے محروم نوجوان پر کالاقانون لاگو کر دیا

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:51

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے پیلٹ لگنے کے باعث بصارت سے محروم ہونے والے نوجوان سہیل احمد ترمبو پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے اسے جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے مرن کا رہائشی 26سالہ سہیل ترمبو گزشتہ برس مارچ میں بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں دائیں آنکھ میں پیلٹ چھرے لگنے سے مذکورہ آنکھ کی بینائی کھو بیٹھا تھا۔

(جاری ہے)

سہیل کے والد احسن ترمبو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس نے انکے بیٹے کو تقریبا بیس روز قبل گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا اور اب کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر نے کے بعد اسے جموںخطے کی دور دراز کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کیا گیا۔ سہیل کی والد حلیمہ بانو کا کہنا ہے کہ پولیس روز انہیں یقین دہانی کراتی رہی کو انکے بیٹے کو چھوڑ دیا جائے گا لیکن چھوڑنے کے بجائے اس پر کالا قانون لگا دیا گیا۔سہیل کے والدین کہا ہے کہ مالی حالت کمزور ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ملاقات کے لیے جموں جانے سے قاصر ہیں۔ انہوںنے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ انکا بیٹا بے قصور ہے لہذ ااسے فوری رہا کیا جائے۔