سینیٹر سراج الحق 5اکتوبر سے سندھ کا تین روزہ دورہ کریں گے

سکھر،حیدرآباداورکراچی میں منعقدہ ڈویژنل اجتماع ارکان سے خطاب کریں گے

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:58

سینیٹر سراج الحق 5اکتوبر سے سندھ کا تین روزہ دورہ کریں گے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق 5اکتوبر سے سندھ کا تین روزہ دعوتی وتنظیمی دورہ کریں گے، صوبائی اعلامیہ کے مطابق وہ 5اکتوبر کو مدرسہ تفہیم القرآن سکھر میں اپر سندھ، 6اکتوبر کو منصورہ ہالا میں لوئر سندھ اور 7اکتوبر کو کراچی میں اجتماع ارکان سے خطاب کریں گے، صوبائی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے اپر سندھ کیلئے ناظم اجتماع مولانا حزب اللہ جکھرو اور لوئر سندھ کیلئے مولانا فقیر محمد منصوری کو ناظم اجتماع مقرر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اجتماع ارکان صبح9بجے شروع اور شام تک جاری رہے گا، قیم صوبہ نے تمام ارکان کو اجتماع میں شرکت یقینی اور دعوتی وتنظیمی کام کی بہتری کیلئے تجاویز تحریری طور پر ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ حلقہ خواتین کی صرف ذمہ داران شریک ہونگی، سینیٹر سراج الحق اپنے سہ روزہ دورے کے دوران دعوتی وتنظیمی اجتماعت میں خصوصی شرکت وخطاب کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات ،احباب جمعیت سے ملاقات اور میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ، قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو ودیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔