اسٹریٹ کرائمزکے خلاف اعلان جنگ کیا جائے ،آئی جی سندھ

جرائم کے خلاف مدد دینے یا جرائم کی اطلاع دینے والے شہریوں کو انعام دیا جائیگا،ڈاکٹرسید کلیم امام کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:18

اسٹریٹ کرائمزکے خلاف اعلان جنگ کیا جائے ،آئی جی سندھ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونیوالے اجلاس میں اسٹریٹ کرائمز کے انسدادی اقدامات اور پولیس کی اس ضمن میں جاری حکمت عملی کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اورمذید ضروری احکامات دیئے گئے ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزسندھ،کے علاوہ آرآرایف،ایس آر پی،سی آئی اے ،ایڈمن کراچی کے ڈی آئی جیز، کمانڈنٹ ایس ایس یواور اے آئی جی ایڈمن نے شرکت کی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ نے اجلاس کوانسداد اسٹریٹ کرائمز کی حکمت عملی سمیت گرفتار اور عدم گرفتار ملزمان گروہوں،انکے کارندوں سمیت چھاپہ مار کاروائیوں سمیت موبائل فونز،وہیکلز اسنیچنگ/تھیفٹ کی تفصیلات کا احاطہ کیا اور جملہ پولیس اقدامات کی بابت ضروری امور پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ اسٹریٹ کرائمزکو ایک چیلنج کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے ایسے جرائم اور ان میں ملوث عناصر وگروہوں کے خلاف جنگ کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کمانڈنٹ ایس ایس یو،آرآرایف اور ایس آرپی سے انسداد اسٹریٹ کرائم کے لیئے افرادی قوت طلب کرلی جس پر ایس ایو نے 250،آرآرایف نے 150جبکہ ایس آر پی نے 1000افسران وجوانوں پر مشتمل افرادی قوت بمعہ وہیکلزکراچی پولیس کے ڈسپوزل پردیں جسکا مقصد جرائم کے خلاف پولیس اقدامات کو مشترکہ طورپرمذید سخت اورنتیجہ خیز بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس کے افسران کی گاڑیاں بھی مخصوص پوائنٹس پر روزانہ کی بنیاد پر دوگھنٹے اسنیپ چیکنگ کے عمل میں حصہ لیں اور اس ضمن میں باقاعدہ پوائنٹس مختص کرنیکے لیئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رجوع کیا جائے ۔

اس موقع پر انہوں نے باالخصوص اسٹریٹ کرائمز کے خلاف کراچی پولیس کو300 موٹر سائیکلیں دینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے ہدایات دیں کہ ضلعی سطح پر موبائل فونز ایسوسی ایشن سے ملاقات کے اقدامات کیئے جائیں اور چوری وچھینے گئے موبائل فونزکی خرید وفروخت کی روک تھام اور ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر آپریشنل اور باالخصوص انویسٹی گیشن پولیس کے جملہ اقدامات کو مذید تقویت دی جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کارکردگی پر شاباش کے ساتھ ہی متعلقہ ایس ایس پی جرائم کے خلاف پولیس کی مدد کرنیوالے شہریوں سے باقاعدہ ملاقات کرینگے اور شاباش دینگے ۔علاوہ اذیں جرائم کے خلاف پولیس کی مدد کرنیوالے یا جرائم کی اطلاع دینے والے شہریوں کونہ صرف انعام بلکہ شاباش بھی دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام ایس ایچ اوز کو وہیکلزآلاٹ کی جائیں تاکہ جرائم کے خلاف بروقت پولیس ریسپانس کو ممکن بنایا جاسکے۔