قلعہ سیف اللہ اور برشور میں لیویز فورس کے جوانوں کی شہادت کے واقعات پر افسوس ہے ،

وزارت داخلہ تمام شہداء کے ورثاء کو معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی،صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:46

کوئٹہ۔ 22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ اور برشور میں لیویز فورس کے جوانوں کی شہادت کے واقعات پر افسوس ہے ۔وزارت داخلہ تمام شہداء کے ورثاء کو معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات میں ملوث عناصر کو ضرور کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت تمام معاملات کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے۔ اب تک ان واقعات کے متعلق تین مختلف اجلاس منعقد ہو چکے ہیں ۔صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہیں اور عوام کے تعاون سے بہت جلد ان افسوسناک واقعات میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ اور پشین میں شہید ہونے والے لیویز فورس کے لواحقین کو پالیسی کے مطابق معاوضہ اور سرکاری ملازمتیں دی جائیں گی۔حکومت کی کوشش رہی ہے کہ امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے ،ماضی میں بھی ایسے واقعات ہو چکے ہیں ۔جس دن دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے ہیں تب سے لے کر آج تک حکومت اور قانون نافذ کرنے ادارے اس حوالے سے کام کر رہے ہیں ۔اراکین اسمبلی امید رکھیں ہم جلد اچھے نتائج دیں گے۔