بھارت دریائے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑ سکتا ہے ،ْ نارووال ، لاہور اور سیالکوٹ کے اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ

اتوار 23 ستمبر 2018 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) سیلاب کی پیشگوئی کرنے والے ادارے (ایف ایف ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ بھارت دریائے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑ سکتا ہے جس سے نارووال ، لاہور اور سیالکوٹ کے اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا کہ دریائے راوی اور ستلج کے علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے جب کہ بھارت دریاؤں میں پانی چھوڑ سکتا ہے جس سے لاہور، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔

ایف ایف ڈی نے کہا ہے کہ دریائے جہلم اور چناب میں سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔ دوسری جانب اتوار کو صبح سے ہی پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد لاہور کا موسم خوشگوار ہوگیا ،ْ شکرگڑھ، قصور اور ظفر وال میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور،گوجرانوالہ ڈویژن ، راولپنڈی، ساہیوال ڈویڑن میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔