Live Updates

وزیر اعظم عمران خان وعدہ جلد پورا کریں اور قوم کی معصوم بیٹی عافیہ کو وطن واپس لائیں ، اقبال ہاشمی

اتوار 23 ستمبر 2018 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) پاسبان پاکستان کے چیف آرگنائزر انجینئر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کاش حکومت آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دیتی ، نئے پاکستان کا سورج طلوع ہوچکا ہے لیکن پھر بھی قوم کی بیٹی کے ساتھ امریکا میں ظالمانہ قید تنہائی میں جنسی و جسمانی تشدد ہورہا ہے ، حکومت خاموش کیوں ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان اپنے منصب سنبھالنے کے بعد کراچی آئے لیکن عافیہ کی والدہ ، ہمشیرہ اور بچوں سے ملے اور تسلی دئیے بغیر کیوں چلے گئے وزیر اعظم عمران خان اپنا وعدہ جلد پورا کریں ،قوم کی بے گناہ اور معصوم بیٹی کو وطن واپس لائیں اور ایک غیور ، بہادر ، جرات مند اور قوم کی بیٹیوں کے محافظ کی حیثیت سے تاریخ میں اپنا نام درج کرائیں اور امر ہوجائیں ۔

(جاری ہے)

وہ کراچی پریس کلب پر پاسبان کراچی کے زیر اہتمام عافیہ موومنٹ کی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اپیل پر ’’یوم قتل انصاف ‘‘کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینر اُٹھا رکھا تھا جس پر ’’وزیر اعظم عمران خان اپنا وعدہ پورا کریں اور عافیہ کو وطن واپس لائیں ‘‘درج تھا ۔ مظاہرے سے پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قا ئد ، جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار اور سینئر رہنماء حامد صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔

انجینئر اقبال ہاشمی اور دیگرپاسبان رہنمائوں نے کہا کہ آج ہی کے دن 8سال قبل بے قصور و معصوم ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ امریکا میں انصاف کا سر عام قتل عام ہوا ۔ گزشتہ 3برسوں سے عافیہ کی خیریت کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے اور نہ ہی فیملی سے بات کرائی گئی ہے۔ امریکا میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کرکے جو رپورٹ بنائی اور وزارت خارجہ کو بھیجی ہے اُسے پڑھ کر پوری پاکستانی قوم کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں لیکن حکمرانوں اور سیاستدانوں کے سینے میں کیسے دل ہیں کہ وہ ٹس سے مس نہیںہوتے کیا وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بھی اپنے پہلے دور کراچی میں عافیہ کو بھلا کر سابقہ حکمرانوں کی صف میں شا مل ہوگئے ہیں پاسبان رہنمائوں نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی سوال کیا کہ کیا آپ اتنے کمزور وزیر خارجہ ہیں کہ قوم کی بیٹی عافیہ کی اپنی والدہ اور بچوں سے فون پربات بھی نہیں کروا سکتے جو کہ امریکی قوانین میں بھی ان کا حق ہے ۔

پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ آج کا احتجاجی مظاہرہ وزیر اعظم کے 100دنوں میں 31دن گزرنے پر ایک یاد دہانی ہے کہ وہ اپنا وعدہ جلد پورا کریں۔اس موقع پراکرم آگریا ، فضل ربی خان ،امجد بلوچ،جاوید اقبال ،راشد خان ،عارف جلب ، اختر قریشی ،طاہر عظیم ،کلیم اللہ ملک ، زین العابدین ،مطلوب خان ، سید رضوان الحق ،آصف بخش ،آصف احمد و دیگر بھی موجود تھے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات