ٹیوٹاطلباء وطالبات کو ہنر کی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے مؤ ثر کام کر رہا ہے،ترجمان

پیر 24 ستمبر 2018 14:56

ٹیوٹاطلباء وطالبات کو ہنر کی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے مؤ ثر کام کر ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی طلباء وطالبات کو ہنر کی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے موثر کام کر رہا ہے جبکہ ادارے میں پڑھائے جانے والے کورسز ،سکھائے جانے والے ہنر کی اندرون وبیرون ملک زبردست ڈیمانڈ کے باعث فارغ التحصیل طلبہ بہترین روز گار حاصل کر سکتے ہیں۔ٹیوٹا کے ترجمان نے بتایا کہ 1999ئ میں قائم ہونے والا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کا ادارہ طلباء وطالبات کو ہنر کی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے مؤثر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے منصوبہ بندی کی کہ روایتی تعلیم پر والدین کے لگنے والے لاکھوں روپے بچائے جائیں اور بچوں کو ایسی تعلیم دی جائے جس سے وہ چند ماہ بعد اپنا روز گار کما سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ویژن کے تحت ہم طلبہ کو مفت اور معیاری ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں جس کے بعد وہ 6 ماہ یا ایک برس میں اپنا روزگار کمانے کے قابل ہوجاتے ہیں جبکہ ان کی کم از کم تنخواہ 22 ہزار روپے ماہانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں میں جاپان،جرمنی اور چین نے اپنے لو گوں کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ فراہم کر کے ترقی کی اور اب ہم بھی اسی ماڈل کو اپنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو 2014ء تک سالانہ 200 کروڑ روپے کا ڈویلپمنٹ بجٹ ملتا تھا جس کے ذریعے گزشتہ 14 برس میں 400کالج قائم کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اداروں میں دو اور تین شفٹوں میں کورسز کرائے جارہے ہیں جن کا روزانہ 6 ماہ سے ایک سال ہے۔

انہوںنے بتایاکہ سال 2014ء تک طلبہ کی انرولمنٹ 58 سے 65 ہزار تھی جبکہ ہماری موثر پلاننگ سے چار سال میں یہ تعداد دو لاکھ 10 ہزار کے قریب ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈویلپمنٹ بجٹ سے طلبہ کو ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینا شروع کیا تاکہ ان کے ٹرانسپورٹ و دیگر اخراجات پورے ہوسکیں اس طرح مذکورہ بچوںکی تعلیم پر ایک ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئی ۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم نے اپنے ڈویلپمنٹ بجٹ میں سے اخوت فاؤنڈیشن کو بھی فنڈز دیئے جو طلبہ کو تین برس کیلئے آسان اقساط پر بلاسود قرضے جاری کر رہا ہے جبکہ اس کے چارجز بھی ہم ادا کر رہے ہیں اس طرح یہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے حوالے سے سب سے بڑا ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ہاسپیٹیلیٹی ،چینی زبان ، سیکورٹی گارڈ ،بیوٹیشن و فیشن ،ڈیزائننگ، کنسٹرکشن ، الیکٹریشن ،ریپیئرنگ اور ڈرائیونگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ مقامی و عالمی مارکیٹ میں ان کی ڈیمانڈ زیادہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مائیکرو سافٹ کے ساتھ سالانہ 30 ہزار طلبہ کا معاہدہ کیا ہے ، ان کا امتحان بھی سمجھتے ہوئے دنیا کی بہترین فرم سٹی اینڈ گلز کے ساتھ 5 ہزار بچوں کا معاہدہ کیا جس کے بعد ان کے ٹرینرز یہاں آکر بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں اور طلبااپنا بہترین روزگار کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے چینی زبان کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے اسلئے 80 بچوں سے اس کورس کا آغاز کیا گیا جبکہ اب تک 16ہزار بچے چینی زبان کی مفت تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔