Live Updates

موجودہ حالات میں حکومت سے زیادہ حزب اختلاف کا امتحان ہے ،ْ شہباز شریف

قومی مفادات کا تحفظ اور معیشت کے لئے ابھرتے خطرات دانائی اور دوراندیشی کے متقاضی ہیں ،ْایک تاریخی کردار اداکرتے ہوئے ملک اور قوم کو ہرگزمایوس نہیں کریں گے ،ْپارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 25 ستمبر 2018 15:00

موجودہ حالات میں حکومت سے زیادہ حزب اختلاف کا امتحان ہے ،ْ شہباز شریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت سے زیادہ حزب اختلاف کا امتحان ہے ،ْقومی مفادات کا تحفظ اور معیشت کے لئے ابھرتے خطرات دانائی اور دوراندیشی کے متقاضی ہیں ،ْایک تاریخی کردار اداکرتے ہوئے ملک اور قوم کو ہرگزمایوس نہیں کریں گے۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پارٹی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں پارٹی کی سینئر قیادت، سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہاکہ منی بجٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ اسے بنانے والوں کا کوئی معاشی وژن ہے نہ ہی معاشی پلان یا پالیسی ہی ان کے پاس ہے جس سے ملک وقوم کے دکھوں کا علاج ممکن ہوتا ،ْاسی وجہ سے ہم نے یہ منی بجٹ مسترد کیا ہے اور عوام دشمن ایسے ہرقدم کو مسترد کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) بے مثال عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ،ْ انشاء اللہ اسی جذبے سے اب پارلیمنٹ کے اندر اور باہر قوم اور ملک کے مفادات کے تحفظ کیلئے بھی بھرپورمحنت، جذبے اور دیانتداری سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے تنقید برائے تنقید اور اختلاف برائے اختلاف کے بجائے جمہوری،دستوری اور پارلیمانی قرینوں اور اقدار کی ایک نئی طرح ڈالنی ہے ،ْقوم کا پارلیمنٹ پر اعتماد بڑھانا ہے۔

اپنے کرداراور عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم بڑے دعوے نہیں کرتے بلکہ قوم کی امانت کی پوری دیانت داری اور خداخوفی سے حفاظت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سرخرو ہوئی ہے اور اس مرحلے سے بھی انشاء اللہ سرخرو ہوگی۔ اللہ تعالی نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم پارلیمان کی مضبوطی، بالادستی، دستور کی حرمت اور ووٹ کی امانت کا مقدمہ لڑیں ،ْ ہم نے تنخواہیں لے کر دھرنے دینے کی روایت بدلنی ہے ،ْہم نے دنیا پر ثابت کرنا ہے کہ اہلیت، دیانتداری اور خلوص نیت ہو تو پارلیمان سے طاقتور کوئی فورم نہیں ہم نے اس فورم کو قوم کی قوت ، عزت کی علامت، خواہشات وامنگوں کا گہوارہ، امیدوں اور مطالبات کی تکمیل کا ذریعہ ثابت کرنا ہے ،ْقوم پر ثابت کرنا ہے کہ حزب اختلاف ہی ان کی امیدوں، آرزؤں اور خواہشات کی حقیقی امین ہے۔

وہ ہی ان کی توقعات پر پورا اترنے کی صلاحیت اور جذبہ رکھتی ہے ،ْوقتی مصلحتوں کا بہاؤ زیادہ دیر تک عوامی جذبات کے سیلاب کے آگے بند نہیں باندھ سکتا۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت میں جس جذبے سے کام کیاتھا اسی جذبے، لگن اور ولولے سے پارلیمانی ریکارڈ قائم کریں گے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور مجالس قائمہ کے چئیرمینوں کے تقرر کے حوالے سے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ سی پیک، لوکل باڈیز نظام اور ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مختلف رہنما نہ صرف مسلسل حکومتی اقدامات پر نظررکھیں گے بلکہ اس ضمن میں رائے عامہ بھی ہموار کی جائے گی اور قوم کو ان اہم معاملات میں مسلسل باخبر رکھاجائے گا۔ اجلاس میں لوکل باڈیز نظام کے تحفظ کے حوالے سے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات