Live Updates

قومی ہاکی ٹیم کے سابق اولمپئنز نے قومی کھیل کو تباہی سے بچانے کیلئے تحریک چلانے کا باقاعدہ پلان بنالیا

لاہور، کراچی اور پشاورسمیت ملک کے بڑے شہروں میں پریس کانفرنسز کے ذریعے پاکستان ہاکی فیڈریشن عہدیداروں کی من مانیوں اور مالی بے ضابطگیوں کو منظر عام پر لایا جائے گا قومی اسمبلی اور سینیٹ کے باہر احتجاج بھی کیا جائے گا،سابق کھلاڑیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کے لئے رابط،ہاکی میں ہونے والی تباہی اور فیڈریشن کی جانب سے کئے جانے والے غلط فیصلوں کی نشان دہی کی جائے گی

بدھ 26 ستمبر 2018 17:26

قومی ہاکی ٹیم کے سابق اولمپئنز نے قومی کھیل کو تباہی سے بچانے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2018ء) قومی ہاکی ٹیم کے سابق اولمپئنز نے قومی کھیل کو تباہی سے بچانے کیلئے تحریک چلانے کا باقاعدہ پلان بنالیا۔طے شدہ منصوبے کے مطابق لاہور، کراچی اور پشاورسمیت ملک کے بڑے شہروں میں پریس کانفرنسز کے ذریعے پاکستان ہاکی فیڈریشن عہدیداروں کی من مانیوں اور مالی بے ضابطگیوں کو منظر عام پر لایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق موومنٹ کا باقاعدہ آغاز لاہور سے کیا جائے گا، پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے لاس اینجلس اولمپکس 1984 کی فاتح ٹیم کے کپتان منظور جونیئر دبئی سے لاہور پہنچ گئے ہیں، دوسرے شہروں میں رہنے والے سابق اولیمپئنز بھی زندہ دلوں کے شہر میں اکٹھے ہو رہے ہیں اور جمعرات یا جمعہ سے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی تحریک کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

سابق اولیمپئنز کی اگلی بیٹھک کراچی میں ہو گی، بعد ازاں پریس کانفرنسز کا دائرہ کار ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بڑھایا جائے گا، آخری مرحلے میں 200 سے زائد سابق اولیمپئنز، انٹرنیشنل پلیئرز اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے اور وہاں نہ صرف آئی پی سی منسٹری اور پاکستان اسپورٹس بورڈ حکام سے ملاقاتیں اور پریس کانفرنس کریں گے بلکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے باہر احتجاج بھی کیا جائے گا۔

سابق کھلاڑیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کے لئے رابطہ کیا ہے جس میں قومی ہاکی میں ہونے والی تباہی اور فیڈریشن کی جانب سے کئے جانے والے غلط فیصلوں کی نشان دہی کی جائے گی۔ ذرائع کے تحریک میں جان ڈالنے کے لئے سرکردہ سابق اولمپئنز پی ایچ ایف کے سابق صدر اور وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی اور اختر رسول سمیت ہاکی کے بڑے ناموں کے ساتھ بھی باقاعدہ رابطہ کر رہے ہیں۔ہاکی اولمپئنزکا موقف ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن حکومت سے کروڑوں روپے کی امداد کے باوجود قومی ہاکی کو درست ٹریک پر لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، اگر اب بھی کرپٹ فیڈریشن کے خلاف نہ اٹھے تو قومی کھیل کو تباہی و بربادی کے آخری دہانے تک جانے سے کوئی بھی نہیں بچا سکے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات