پشاور، یونیورسٹی انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے تشدد پر اُتر آئی ہے ۔ طلباء کے ساتھ رویہ افسوسناک ہے ۔ عتیق الرحمن

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2018ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن نے پشاور یونیورسٹی کیمپس میں نہتے طلباء پر پولیس کے وحشیانہ تشدد پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ طلباء اپنے مطالبات کے لیے جائز جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کررہے تھے جس پر بغیر کسی وجہ کے لاٹھی چارج کیا گیا ۔ درجن بھرطلباء کو شدید زخمی کیا گیا اور کئی درجن طلباء کو گرفتار کیا گیا حالانکہ طلباء کے مطالبات جائز ہیں ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے فیسوں میں کئی گناہ اضافہ کردیا ہے ۔ طلباء کو امتحانی فیسوں کے نام پر لوٹا جارہا ہے کئی ہزار طلباء ہاسٹل کی سہولٹ سے محروم ہیں اور باہر پرائیویٹ ہاسٹلز میں بہت مہنگے داموں رہائش پذیر ہیں ۔ طالبات کے لیے ہاسٹل کی سہولت کم ہونے کے باعث پرائیویٹ ہاسٹلز میں رہائش کے باعث ان کے گھروالوں کو خدشات ہوتے ہیں ۔ یونیورسٹی انتظامیہ مسائل حل کرنے کی بجائے طلباء پر تشدد سے معاملات دبانا چاہتی ہے ۔ صوبائی حکومت اس واقعہ کا فوری نوٹس لے اور تحقیقاتی کمیشن قائم کرے تاکہ طلباء کی دلجوئی ہو۔