الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور غلام سرور خان کو نوٹس جاری کر دئیے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:44

الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اکتوبر 2018ء) :الیکشن کمیشن نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کو نوٹس جاری کر دئیے۔تفصیلات کے مطابق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور خان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

دونوں وفاقی وزرا کو نوٹس الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر حلقہ پی پی 27 خورشید عالم نے جاری کیے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری اور غلام سرور نے حلقہ پی پی 27 میں ترقیاتی کاموں کا اعلان اور افتتاح کیا ہے جبکہ یہاں 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے اعلان اور افتتاح کے ذریعے الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے دوران کوئی وزیر، سرکاری عہدہ دار یا منتخب نمائندہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔ دونوں وفاقی وزرا کو نو اکتوبر کو صبح گیارہ بجے الیکشن کمیشن کے دفتر میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے سیکرٹری صوبائی الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔