نوازشریف سےحمزہ شہبازکارابطہ، پارٹی امور پربات چیت

حمزہ شہبازکی نوازشریف سے سیاسی صورتحال سے متعلق مشاورت، صدر ن لیگ شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد پارٹی امور مشاورت سے چلانے پراتفاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 اکتوبر 2018 18:51

نوازشریف سےحمزہ شہبازکارابطہ، پارٹی امور پربات چیت
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف سے حمزہ شہبازنے رابطہ کیا ہے، جس میں شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد پارٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد حمزہ شہبازشریف نے قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے رابطہ کرلیا ہے۔

نوازشریف سے رابطے میں حمزہ شہبازنے شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد پارٹی کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا ۔نوازشریف اور حمزہ شہبازمیں صدر ن لیگ شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد پارٹی امور مشاورت سے چلانے پراتفاق کیا گیا۔ دوسری جانب نواز شریف نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ بدترین انتقام کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔

(جاری ہے)

نظام قدرت ہے جیسا کروگے ویسا بھرو گے، حکومت جو سلوک کرے گی اس کیلئے تیار رہنا چاہیے، حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ جیسا سلوک کرے گی اس سلوک کیلئے کل انہیں بھی تیار چاہیے۔ واضح رہے نیب لاہور نے صدر ن لیگ شہبازشریف کو گزشتہ روز صاف پانی کیس میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا جبکہ انہیں نیب آفس میں آشیانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔

نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ شہبازشریف نے چوہدری لطیف کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے۔ نیب نے آج شہبازشریف کو احتساب میں عدالت میں پیش کیا۔ جہاں پرن لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے ان کی بکتر بند گاڑی کوگھیر لیا اور نوازشریف، شہبازشریف کے حق میں نعرے لگائے۔ تاہم احتساب عدالت نے شہبازشریف کو مزید تفتیش کیلئے 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گرفتاری کیخلاف ن لیگی کارکنان بھی سراپا احتجاج ہیں۔ کارکنان نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہبازشریف کے حق میں نعرے درج تھے۔کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہبازشریف کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائی بند کی جائے اور صدر ن لیگ کوفوری رہا کیا جائے۔