حکومت نے گزشتہ پچاس دنوں میں پچاس یوٹرن لئے ، حکومت پارلیمنٹ کو کنٹینر سمجھنا بند کرے، سینیٹر شیری رحمن

بدھ 10 اکتوبر 2018 21:18

حکومت نے گزشتہ پچاس دنوں میں پچاس یوٹرن لئے ، حکومت پارلیمنٹ کو کنٹینر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2018ء) پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ پچاس دنوں میں پچاس یوٹرن لئے ہیں حکومت پارلیمنٹ کو کنٹینر سمجھنا بند کرے اور بتائے کہ آئی ایم ایف کی کونسی شرائط مان کر قرض لیا جارہا ہے۔ عوام پر تو پہلے ہی گیس‘ پیٹرول اور سی این جی بم گرا دی اہے آئی ایم ایف کے پاس جانے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث معیشت مزید تباہ ہو رہی ہے۔ موجودہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کے بجٹ کا تسلسل ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بتائے کہ آئی ایم ایف کی کونسی شرائط مان کر قرض لیا جارہا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور حکومت غریب عوام پر گیس پیٹرول اور سی این جی بم تو پہلے ہیی گرا چکی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پچاس روز میں پچاس یو ٹرن لے کر ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے کر پاکستان کا مذاق اڑایا گیا جبکہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ شیری رحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرے لیکن حکومت خود اپنے رویے سے اپنے وعدوں کی تکمیل نہیں چاہتی حکومت پارلیمنٹ کو کنٹینر سمجھنا بند کرے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے اور نیا پاکستان بنانے کے وعدے پورے کرے۔