دکھی انسانیت کی خدمت قرب الٰہی کا ذریعہ ہے۔ پیر سلطان نیاز الحسن

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2018ء) دربار سلطان حق باہو رحمتہ اللہ علیہ کے سجادہ نشین اور اسلامک ویلفیئر ہیلتھ انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ سلطان نیاز الحسن مختصر دورے پر لندن سے کراچی تشریف لائے اور وی کیئر فائونڈیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت قرب الٰہی کا ذریعہ ہے جو کسی عبادت سے کم نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک جن میں افریقہ، بنگلہ دیش، صومالیہ، روہنگیا سر فہرست ہیں میں بے شمار خاندانوں میں راشن کی تقسیم ، پانی کی ٹیوب ویل (پینے کے پانی کی فراہمی) تعلیمی ادارے، مساجد اور مدارس کا قیام اور درس و تدریس کے ذریعے اسلام کے آفاقی پیغام کو عام کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔

(جاری ہے)

پیر نیاز الحسن نے کہا کہ اسلام امن محبت، بھائی چارگی اور رواداری کا درس دیتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خلوص دل سے احکام خداوندی پر عمل پیرا ہوں اور نبی اکرم ﷺ سے عشق کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ان کی سنتوں پر دل و جان سے عمل پیرا ہوں یہی انسانیت کی معراج او رکامیاب زندگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وی کیئر فائونڈیشن کے تحت غریب لوگوں کے لئے دسترخوان پر مفت کھانے کی فراہمی، میڈیکل کیمپ کے ذریعے مسلسل طبعی خدمات، طلباء و طالبات کے تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگراموں کا انعقاد اور پاکستان کے بڑے معیاری آرفن کمپلیکس کی تیزی سے تعمیراتی کام قابل ستائش ہیں جن پر میں عامر حسین اور ان کی ٹیم کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس موقع پر چیئرمین وی کیئر فائونڈیشن محمد عامر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دربار سلطان حق باہو رحمتہ اللہ کا فیضان ہے کہ پاکستان مشکلات کے باوجود بھی دنیا کے نقشہ پر روشن ستارہ بن کر ابھر رہا ہے اور سجادہ نشین سلطان نیاز الحسن کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ کا درجہ رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ سجادہ نشین سلطان نیاز الحسن کے رفاعی اور فلاعی کاموں سے متاثر ہو کر ہی ہم نے تعلیم، ہیلتھ اور کراچی میں بڑا معیاری آرفن کمپلیکس کو تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا ہے جہاں یتیم بچوں کو چھت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں اعلیٰ تعلیم دے کر معاشرے کا با عزت شہری بنائیں گے تاکہ مستقبل کا معمار اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کا نام بھی روشن کریں۔

اس موقع پر زبیر عالم قادری، ظفرسلیم، محمد جاوید اور دیگر بھی موجود تھے۔