ضمنی انتخابات، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئیگا، سردار عثمان بزدار

جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ یا آتشبازی کرنے و الوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز ایکشن ہو گا 4759 پولنگ سٹیشنز قائم، 807 حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگی وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، ضمنی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جمعہ 12 اکتوبر 2018 19:32

ضمنی انتخابات، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر قانون حرکت ..
لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارتوزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ضمنی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں کیلئے 4759 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیںاورسکیورٹی کے حوالے سے پولنگ سٹیشنز کی کیٹگریز بنائی گئی ہیںجبکہ 807 حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدار اور شفاف ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اورپرامن ضمنی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا،اس ضمن میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جیت کی خوشی میں فائرنگ یا آتشبازی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آنا چاہیئے اوراس ضمن میں تمام تر ا قدامات پہلے سے مکمل رکھے جائیں۔

انہوںنے کہا کہ جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ یا آتشبازی کرنے و الوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز ایکشن ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے پرامن ماحول میںضمنی الیکشن کے انعقاد کویقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں لہذاوضع کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صوبے میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ امن عامہ کی فضاء کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے کیونکہ پرامن ماحول میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے ۔ صوبے بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔انہوںنے کہا کہ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں اورالیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری داخلہ نے ضمنی انتخابات کے موقع پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، اعلیٰ پولیس حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔