Live Updates

حکومت کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملک سے کرپشن کے خاتمہ کرکے دم لیں گے‘ 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے انقلابی منصوبے سے بے گھروں کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوگا۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا کارکنوں سے خطاب

جمعہ 12 اکتوبر 2018 20:12

لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کی وجہ کرپشن ہے۔سابق حکمرانوں کی کرپشن سے ملکی ادارے برباد ہوئے،معیشت تباہ ہوئی اور ملک میں غربت وبیروزگاری جیسے مسائل بڑھے۔شفافیت اوروسائل بچانے کے دعویداروں کی کرپشن کی کہانیاںسامنے آنے لگیں توانہوں نے واویلا شروع کر دیا۔

کرپشن نے ملک کو کنگال کر دیااور ملک کے موجودہ مالیاتی مسائل کی وجہ بھی کرپشن ہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے صوبائی حلقے کے دورے کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مارکرکے غریب قوم کے بچوں کا حق چھینا ہے۔

کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے۔قوم ملکی وسائل لوٹنے والوں کا احتساب چاہتی ہے اور کرپٹ عناصر کا احتساب ضرور ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے لوگوں کو اپنی چھت دینے کے نام پرہائوسنگ سکیموں میں قومی وسائل کی لوٹ مار کی اور صوبے کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا ایک ایسا انقلابی منصوبہ دیا ہے جس سے نہ صرف بے گھروں کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوگا بلکہ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ہائوسنگ سیکٹر سے وابستہ صنعتیں ترقی کریں گی اور ملک میں معاشی وتجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ایسے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں عام آدمی کو عزت ،انصاف اور روزگار ملے گا اورلوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات