مقبوضہ کشمیر:بھارتی فورسز کی طرف سے سرینگر میں احتجاجی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال

مقبوضہ کشمیر میں آج نام نہاد بلدیاتی انتخابات والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے

منگل 16 اکتوبر 2018 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز نے آج سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرینگر کے علاقے صورہ میں ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور ان پرفائرنگ کی۔

مظاہرین بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقی میں احتجاجی مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔ ادھر ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کلوسہ میں لوگوں نے پانچ نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیجنے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے بانڈی پورہ سوپور شاہراہ کو بند کردیا۔

(جاری ہے)

گرفتار نوجوانوں کے اہلخانہ نے پیر کو سرینگر میں احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس حکام نے ان کے بچوں کو پتھرائو کے جھوٹے الزامات میںجیل میں ڈال دیا ہے۔

دریں اثناء سرینگر ، بارہمولہ ، گاندربل ، پلوامہ اور شوپیان اضلاع کے جن علاقوں میں آج ڈھونگ انتخابات ہورہے ہیں ان میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے نام پرآج سرینگر کے علاقوں نیو تھید، ہارون ، نشاط، برین، ڈلگیٹ، پانتہ چوک، پالہ پورہ، تارہ بل ، کائوڈارہ، حول، علمگری بازار،گلی کدل، نوشہرہ، لال بازار، بڈشاہ محلہ،عمرکالونی، جوگی لنکر، کاٹھی دروازہ، لوکٹ کدل، بچھ پورہ اور احمد نگر میں جبکہ بارہمولہ کے علاقے پٹن ،پلوامہ کے علاقوں پانپورہ اور کھریو اسلام آباد کے علاقوں ڈورو اور ویری ناگ، گاندربل اور شوپیان کے علاقوں میں یہ ڈرامہ رچایا جارہا ہے۔