ہزارہ یونیورسٹی اور آئی سی آر سی کے تعاون سے بین الاقوامی قوانین برائے انسانی حقوق کے موضوع پر ورکشاپ کا اہتمام

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:16

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے لاء ڈیپارٹمنٹ اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے باہمی تعاون سے بین الاقوامی قوانین برائے انسانی حقوق کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری اور ان سے واقفیت ایک متوازن معاشرے کے قیام کیلئے انتہائی ضروری ہے، اس حوالہ سے آئی سی آر سی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بھرپور خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ قانون کی تعلیم میں انسانی حقوق ایک اہم باب ہے جس سے مکمل طور پر آگاہی قانون کے کسی بھی طالب علم کیلئے نہایت اہم ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی کے لاء ڈیپارٹمنٹ نے اس اہم موضوع پر ورکشاپ کا اہتمام کیا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ قانون کے طلباء نے عملی میدان میں معاشرے کے ایک ستون کے طور پر کام کرنا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب وہ مکمل دلچسپی کے ساتھ اپنے آپ کو اس تعلیم کیلئے وقف کر دیں تاکہ عملی میدان میں قانونی پیچیدگیوں سے نمٹا جا سکے۔

تقریب سے ڈین لاء اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور انسانی حقوق کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مختلف زاویوں سے بات چیت کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ دو روزہ ورکشاپ میں لاء ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور سکالرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :