شارجہ: تیز رفتار کار کی زد میں آ کر ایرانی خاتون شدید زخمی

غلط مقام سے سڑک پار کرنا خاتون کی ہلاکت کا باعث بنا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:43

شارجہ: تیز رفتار کار کی زد میں آ کر ایرانی خاتون شدید زخمی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2018ء) شارجہ میں گزشتہ روز ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جب التاوُون کے علاقے میں ایک خاتون تیز رفتار کار کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی۔حادثے کا شکار ہونے والی خاتون کا تعلق ایران سے بتایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 38 سالہ ایرانی خاتون جو کہ ایک سکول میں ٹیچر تھی، صبح کے وقت سکول جانے کے لیے گھر سے نکلی اور سڑک کراس کر رہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی آئی اور اُسے اتنی زور سے ٹکر دے ماری کہ وہ شدید زخمی ہو گئی اور اُس کے جسم سے خون بہنے لگا۔

خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے خاتون کو ٹکر مارنے والی کار کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت سینتیس سالہ اماراتی کے طور پر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک پولیس اہلکار کے مطابق اُنہیں اس حادثے کی اطلاع صبح پونے چھ بجے کے قریب مِلی۔ جس پر پولیس پٹرول، طبی امداد کا عملہ ایمبولینس کے ساتھ جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا۔

جنہوں نے زخمی خاتون کو القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ خاتون کو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے، جہاں اُس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون نے سڑک زیبرا کراسنگ سے عبور کرنے کی بجائے غلط مقام اختیار کیا۔ تاہم اس معاملے میں ڈرائیور بھی قصوروار قرار پایا گیا ہے جو گاڑی تیز رفتاری سے چلا رہا تھا اور اُس کی توجہ سڑک پر نہیں تھی۔

واضح رہے کہ اماراتی قانون کے زیبرا کراسنگ کے علاوہ سڑک کو اور کسی مقام سے عبو رکرنا ٹریفک رولز کی خلاف ورزی ہے جس پر راہگیروں کو چار سو درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود لوگ نظر بچا کر اس غلط حرکت کا ارتکاب کرتے ہیں، ہر سال درجنوں افراد اس کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔