کیمسٹری میں جدید رجحانات‘

اوپن یونیورسٹی میں چوتھی بین الاقوامی کانفرنس 7نومبر کو منعقد ہوگی سائنسی ترقی اور نئے ایجادات سے نئی نسل کو آگاہ رکھنا ہدف کے حصول کے لئے لازمی ہے‘ ڈاکٹر ناصر محمود

جمعہ 19 اکتوبر 2018 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’کیمسٹری میں جدید رجحانات‘‘کے موضوع پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس 7اور 8۔نومبر کو منعقد ہوگی جس میں ملکی اور بیرون ممالک کے محققین اور ماہرین تعلیم کیمسٹری میں جدید رجحانات اور معاشرے کے لئے کارآمد ،ْ بامعنی اور اپلائیڈ ریسرچ کی ضرورت اور اہمیت پر اظہار خیال کریں گے۔

کانفرنس کا اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔محققین اور سائنسدانوں کو مفادات کے ڈومین میں ایک ساتھ بٹھانا ،ْ تحقیق کی بنیاد پر طلبہ کے تیارکردہ پراجیکٹس کو شوکیس کرانا ،ْ ریسرچ کے معیار میں بہتری لانے کے لئے سکالرز کو قومی اور عالمی ریسرچ کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کا پلیٹ فارم فراہم کرنا اور کیمسٹری میں حالیہ رجحانات سے طلبہ کو روشناس کرانا کانفرنس کے مقاصد میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ جس تیزی سے ہماری دنیا بدل رہی ہے اور جس تیزی سے نئی معلومات آرہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم ہمہ وقت خود کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ سائنسی ترقی اور نئے ایجادات سے نئی نسل کو آگاہ رکھنا ہدف کے حصول کے لئے لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس طلبہ کو جدید علوم اور تازہ ترین معلومات سے باخبر رکھنے کے لئے ملکی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کی کوششوں کا حصہ ہے۔