قطر نے پاکستانیوں کیلئے ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کردیا

قطری وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، پاکستان کی قطر کے سرمایہ کاروں کو توانائی اور ریفائنری کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:20

قطر نے پاکستانیوں کیلئے ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء) قطر نے پاکستانیوں کیلئے ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کردیا، قطری وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، پاکستان کی قطر کے سرمایہ کاروں کو توانائی اور ریفائنری کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان پاکستان کے دورے کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان کی اسلام آباد آمد کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے۔ اس دوران دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران قطری وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کو ایک لاکھ نوکریاں بھی دینے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ایک لاکھ نوکریوں کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان نے قطر کے سرمایہ کاروں کو توانائی اور ریفائنری کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ قطری سرمایہ کاروں کو زرعی، لائیو اسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران قطری وزیرخارجہ نے انتخابات میں کامیابی پر امیر قطر کا مبارکباد کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ جبکہ دوسری جانب قطری حکومت نے پاکستانیوں کو ویزہ فراہمی کا عمل آسان بنانے کیلئے پاکستان میں ہی ویزہ سینٹر بھی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

قطر کی حکومت پاکستان میں براہ راست روزگار کے متلاشی پاکستانیوں کی بھرتی کرکے انہیں قطر لے جائے گی۔ قطر کے اس فیصلے سے سعودی عرب سے بے روزگار ہو جانے والے پاکستانی سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق قطر سے پاکستان کو بڑی مالی معاونت بھی حاصل ہونے کا امکان ہے۔