کیا ملک ریاض پاکستان کو خیر باد کہنے والے ہیں؟

بحریہ ٹاون کے مالک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کردی

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:23

کیا ملک ریاض پاکستان کو خیر باد کہنے والے ہیں؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء) کیا ملک ریاض پاکستان کو خیر باد کہنے والے ہیں؟ بحریہ ٹاون کے مالک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کردی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض پاکستان کو خیرباد کہنے والے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کسی بیرون ملک جا کر رہائش اختیار کر لیں گے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں سے متعلق بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض نے خود وضاہتی ردعمل دیا ہے۔ بحریہ ٹاون اسلام آباد میں ڈائلسز سینٹر کے افتتاح کے موقع پر بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے غریبوں کی مدد کرتے آئے ہیں اور آگے بھی غریبوں کی خدمت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ان کے تمام منصوبے غریبوں کیلئے ہی ہوتے ہیں۔ اس موقع پر صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں ملک ریاض کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو خیرباد نہیں کہہ رہے ہیں۔

وہ پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔ ان کے بیرون ملک منتقل ہو جانے کی خبروں میں کسی قسم کی صداقت نہیں۔ سوشل میڈیا پر بہت کچھ چلتا رہتا ہے لیکن وہ سب سچ نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض ان دنوں زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے کیس میں بری طرح الجھے ہوئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں جاری زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے کیس میں متعدد مرتبہ ملک ریاض کیخلاف سخت ریمارکس دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دن ملک ریاض کیلئے بے حد مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان تمام حالات کی وجہ سے ہی سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں کہ بحریہ ٹاون کے ملک مستقبل میں کسی قسم کی قانونی مشکل سے بچنے کیلئے پاکستان کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ تاہم اب ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔