قومی فٹ سال چمپئن شپ 26 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہو گی

اتوار 21 اکتوبر 2018 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ سال چمپئن شپ 26 اکتوبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال میں کھیلی جائے گی، پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عدنان ملک نے بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چمپئن شپ میںملک بھر سے چودہ مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، سی ڈی اے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن شامل ہیں، ان ٹیموں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں، ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس 25 اکتوبر کو ہوگا جس میں چیمپیئن شپ کے قوانین اور ڈراز کا اعلان کیا جائے گا، چیمپیئن شپ 28 اکتوبر تک جاری رہے گی اور چیمپیئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔