Live Updates

موجودہ حکومت ملک کے انتظامی معاملات چلانے کی اہلیت نہیں رکھتی،عمران خان کے بلندو بانگ دعوئوں کا پول کھل چکا ہے،سردار خالد محمود ڈوگر

پیر 22 اکتوبر 2018 22:00

بورے والا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کے انتظامی معاملات چلانے کی اہلیت نہیں رکھتی،عمران خان کے بلندو بانگ دعوئوں کا پول کھل چکا ہے،پاکستانی عوام کو صرف دو ماہ کے دوران حکومت کی غلط پالیسیوں نے دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا ہے،مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کر کے انکی زندگی اجیران بنا دی ہے سیاسی نا بالغوں نے ہر شعبہ زندگی کو تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے روزگار اور گھر دینے کے دعوے کرنے والی حکومت نے مختصر وقت میں لاکھوں افراد کو دونوں چیزوں سے محروم کر کے سڑکوں پر آنے پہ مجبور کر دیا ہے مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف اور شہباز شریف سمیت دیگر لیگی راہنمائوں کے خلاف حکومت کی انتقامی سیاست جمہوری اقدار کو پامال کر رہی ہے ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال،مہنگائی،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور ناکام داخلہ و خارجہ پالیسی پی ٹی آئی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر یوتھ ونگ منظور برکت ماڑی والا،خاں خالد خاں،نادر خاں برگی،سردار محمد شہزادڈوگر،سردار شاہد ڈوگر اور دیگر لیگی راہنما بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد اپنی ناکام پالیسیوں کی بدولت انجام کو پہنچ جائے گی کیوں کہ عمران خاں اور اٴْنکی ٹیم ملک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی میاں شہباز شریف اس ملک کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات