چیف جسٹس اور پی ٹی آئی رہنما کے مابین ملاقات

چیف جسٹس نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے ملاقات میں پانی چوری کرنے اور کرپشن کے خلاف ان کے کیے گئے اقدامات کو سراہا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 اکتوبر 2018 12:43

چیف جسٹس اور پی ٹی آئی رہنما کے مابین ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈ ا کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔چیف جسٹس نے پانی چوری کے خلاف اقدامات کرنے پر فیصل واوڈا کی کوششوں کو سراہا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارسے وفاقی وزیربرائے آبی وسائل محمد فیصل واڈا نے دوروزہ انٹرنیشنل سمپوزیم کے تناظرمیں پیر کو ان کے چیمبر میں ملاقات کی ۔

اس موقع پرچیف جسٹس نے آبی وسائل کے تخفظ اورملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کوششوں پروفاقی وزیرکی تعریف کی اور انہیں یقین دلایا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے اورپانی چوری کی روک تھام کیلئے ان کی بھرپور مددکی جائے گی۔ انہوں نے داسوڈیم کامعاملہ اٹھانے اورترجیحی بنیادوں پراس معاملے کو حل کرنے کی کوششوں کوبھی سراہا ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں میں پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی اورکہا اس ضمن میں تمام صوبے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو درپیش سیکورٹی خدشات کے پیش نظر متعلقہ ایجنسیوں کوہدایت کی کہ ان کومناسب سیکورٹی فراہم کی جائے۔واضح رہے اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس کراچی میں پانی کے مسائل کو لے کر بہت فکر مند ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 25 دسمبر کو کراچی کے لوگوں کو پانی کے حوالے سے خوشخبری سنائیں گے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملک بھر میں چھوٹے ڈیمز کی تفصیلات طلب کرلیں تھیں اور کہا تھا کہ کراچی میں پانی سےمتعلق 25 دسمبر کو خوش خبری ملے گی۔

چیف جسٹس نے جولائی کے مہینے میں کراچی میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (ٹی پی تھری) کا افتتاح کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ آنے والی نسلوں کو تحفظ دینے کے لیے پانی کے ذخائر کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کی کل لاگت 36،117 ملین سے زائد ہے جس سے واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ یومیہ 77 ملین گیلن گندے پانی کو صاف کرے گا جب کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ 180 ملین گیلن گندے پانی کوصاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔