کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میںشامل ہے، گورنر سندھ

منگل 23 اکتوبر 2018 22:25

کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میںشامل ہے، گورنر ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، عوام کے لئے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی یکساں فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام ساتویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی بہترین فراہمی کے لئے افسران کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے، حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد محنتی، دیانت دار اور قابل افسران کے بغیر ممکن نہیں، یہی وجہ ہے کہ افسران کی مسلسل تربیت نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سول سروس ریفارمز کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کا قابلیت اور تجربے کی بنیاد پر تقرر کرنا دور حاضر کی اہم ضرورت ہے، مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی میں آپ لوگوں کا بھی اہم کردار ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں ہم سب مل کر کام کریں۔ شرکاء کی جانب سے کئے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہاکہ کراچی میں امن وامان کو یقینی بنانے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے خصوصاً سندھ رینجرز اور پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن ان اداروں کی ان تھک محنت اور کاوشوں کا ثمر ہے۔