شاہ خرچیوں کا الزام، نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بجھوادیا

پی سی بی کی رپورٹ میں جان بوجھ کر میری شہرت کو داغ دار کرنے کی کوشش کی گئی ہے

پیر 29 اکتوبر 2018 14:29

شاہ خرچیوں کا الزام، نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بجھوادیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ نجم سیٹھی نے کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بجھوادیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو روز پہلے سابق چیئرمین پی سی بی کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات جاری کی تھی، جس کے تحت انہوں نے 7 کروڑ سے زیادہ رقم اپنی ذات پر خرچ کی۔جس پر سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا گیا کہ پی سی بی کی رپورٹ میں جان بوجھ کر میری شہرت کو داغ دار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

لیگل نوٹس میں پی سی بی اور احسان مانی سے معذرت کرنے ، ویب سائٹ سے اخراجات کی تفصیلات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر ہتک عزت کا دعویٰ کیا جائے گا۔لیگل نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران ایک کروڑ 41 لاکھ کا جو الائونس کھاتے میں درج کیا گیا وہ انہوں نے بالکل وصول نہیں کیا۔

(جاری ہے)

لیگل نوٹس میں کہا گیا کہ بورڈ نے جو اخراجات کا چارٹ جاری کیا، اس میں جن چیزوں کو 2014ء سے 2017ء تک بورڈ سربراہ کو دی جانے والی مراعات کا ذکر ہے، اس وقت تو میں بورڈ سربراہ بھی نہیں تھا اس دوران ایگزیکٹو کمیٹی کا چیئرمین تھا جبکہ ان تفصیلات میں گورننگ بورڈ ،ممبرز اور دوسرے بورڈ کے ڈائریکٹر پراٹھنے والے اخراجات، خصوصی الاونسز کو جان بوجھ کر نظر انداز کردیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی اسٹیڈنگ کمیٹی برائے اسپورٹس نے 2017ء میں سفارش کی تھی کہ نجم سیٹھی پی ایس ایل کی کامیابی پر خصوصی الائونس کے حقدار ہیں اور بورڈ آف گورنرز نے 2015ء سے 2018ء تک خصوصی الائونس دینے کی بھی منطوری دی تھی، اس کا سرے سے ہی تذکرہ ہی نہیں، منظور کردہ پی ایس ایل الاونس کے سوا نجم سیٹھی نے ایک پائی وصول نہیں کی۔