صحافتی برادری سمیت معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح حکومت کی ذمہ داری اور ترجیح ہے ،محمودخان

سوات میں ٹریفک کے مسئلے کے حل کیلئے سوات موٹر وے کی توسیع کا پلان موجود ہے اس منصوبے کی فیزبیلٹی ہو چکی ہے ،موسم ٹھیک ہونے پر بحرین سے کالام روڈپر بھی شروع کیا جائے گا ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 1 نومبر 2018 18:50

صحافتی برادری سمیت معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح حکومت کی ذمہ داری اور ترجیح ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات میں شعبہ اعلیٰ تعلیم میں عوام کو درپیش دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے پہلے سے مجوزہ چار کالجز کے قیام میں حائل رکاوٹیں اور مسائل دور کرکے اُن کی تعمیر کا عندیہ دیا ہے ۔ اُنہوںنے شدت پسندی سے متاثرہ سوات کے ناسازگار حالات کے دوران مقامی الیکٹرانک میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اُن کی حکومت نہ صرف سوات بلکہ صوبہ بھر کے صحافیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیراعلیٰ نے صحافتی ضابطہ اخلاق و آداب کو فروغ دینے کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ضرو ر ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی پہلی منتخب کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

ممبرصوبائی اسمبلی فضل حکیم ، سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ قیصر عالم ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ فردوس خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے ایسوسی ایشن کی تشکیل کا خیرمقد م کیا اور اُمید ظاہر کی کہ کابینہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بطریق احسن سر انجام دے گی ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کی طرف سے سوات میں سماجی شعبوں کو درپیش مسائل حل کرنے کا یقین دلایااور کہاکہ صحافتی برادری سمیت معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح حکومت کی ذمہ داری اور ترجیح ہے ۔

اُنہوںنے کہاکہ وہ شدت پسندی اور قدرتی آفات سے متاثرہ سوات کے عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ سوات میں ٹریفک کے مسئلے کے حل کیلئے سوات موٹر وے کی توسیع کا پلان موجود ہے اس منصوبے کی فیزبیلٹی ہو چکی ہے ۔موسم ٹھیک ہونے پر بحرین سے کالام روڈپر بھی شروع کیا جائے گا۔ اس وقت تعمیر اتی کام کیلئے سوات کا موسم موزوں نہیں ہے ۔ اُنہوںنے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو آئندہ دو تین ماہ میں کھولنے ، سوات یونیورسٹی ، سوات جیل اور جہانزیب کالج سوات کو درپیش مسائل حل کرنے کا بھی یقین دلایا ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت معیاری تعلیم تک تمام بچوں کی رسائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ سرکاری سکولوں میں ضرورت کی بنیاد پر ایوننگ شفٹ کا اجراء کرنے کی ہدایت بھی کی جا چکی ہے ۔ جہاں کہیں زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے سکول کا مسئلہ ہے وہاں کرائے کی عمارت میں سکولوں کے اجراء کا پروگرام بھی زیر غور ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے سوات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی پہلی منتخب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا۔

حلف اُٹھانے والوں میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیرین زادہ (ہم ٹی وی)، صدر نیاز احمد خان (مشرق ٹی وی)، نائب صدر شوکت علی (پی ٹی وی )، جنرل سیکرٹری سعید الرحمن (خیبرنیوز)، جوائنٹ سیکرٹری عیسیٰ خانخیل (جیو نیوز)، فنانس سیکرٹری انور انجم (آج ٹی وی )جبکہ ایگزیکٹیو کونسل کے فیاض ظفر (وائس آف امریکہ )، سید شہاب الدین (سماء ٹی وی دُنیا ٹی وی) شامل تھے ۔