بلدیہ ملیر کے شہری اور یہی علاقوں میں مراکز تعلیم کی تعمیرات عمل میں لائی جائینگی، جان محمد بلوچ

جمعہ 2 نومبر 2018 15:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ تعلیم ہی ترقی کی ضمانت ہے، ایک لڑکی جب تعلیم یافتہ ہوتی ہے تو گویا پوری ایک نسل تعلیم کے ثمرات سے فیصیاب ہوتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست قیادت تعلیم بالخصوص خواتین اور دیہی خواتین میں خواندگی کے فروغ کیلئے عملی مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیم القران سینٹربرائے خواتین طیبہ مسجد آسو گوٹھ ملیر سٹی کراچی یوسی 10 کے مکمل تعمیراتی کام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر یوسی چیئرمین اختر بلوچ ، یوسی کونسلر حسن بلوچ ، محمد شعیب ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ایکس ای این اقبال ڈائری،ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور علاقائی معززین کے بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے مزید کہا کہ تعلیم القران سینٹر اور دیگر کمیونٹی سینٹر ز کے قیام ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، بتدریج صرف آسو گوٹھ ہی نہیں بلکہ بلدیہ ملیر کے تمام شہری اوردیہی علاقوں میں مراکز تعلیم کی تعمیرات عمل میں لائی جائینگی، انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے ہی ایک بہترین معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے، موقع پر موجود علاقائی عوام نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا بلخصوص خواتین کیلئے تعلیم کے حوالے سے اٹھایا گیا اقدام قابل ستائش ہے۔