جےیوآئی(ف) کا آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف ملین مارچ کا اعلان

آسیہ بی بی کی رہائی کیخلاف 8 نومبر بروزجمعرات کو کراچی میں ملین مارچ کریں گے، ملین مارچ میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 5 نومبر 2018 19:40

جےیوآئی(ف) کا آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف ملین مارچ کا اعلان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 نومبر 2018ء) جمعیت علماء اسلام (ف) نے آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف ملین مارچ کا اعلان کردیا ہے، سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ آسیہ بی بی کی رہائی کیخلاف جمعرات کو کراچی میں ملین مارچ کریں گے، ملین مارچ میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے صدر اور سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ میں آسیہ بی بی کی رہائی کیخلاف بھر پور احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات8 نومبر کو کراچی میں ملین مارچ کریں گے۔ احتجاجی جلسے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ جے یو آئی ف نے اپنے تمام کارکنان کو جمعرات کو شاہراہ قائد پر اکٹھے ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں احتجاجی جلسہ کیا تھا۔ واضح رہے سپریم کورٹ میں آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے باعث پچھلے دنوں قومی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

جس پر حکومت نے شرپسند عناصر کیخلاف کاروائی شروع کردی ہے۔ دریں اثناں جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی آج اکوڑہ خٹک میں سمیع الحق کی شہادت پر ان کے صاحبزادے مولانا حامد الحق سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے دارالعلوم حقانیہ میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل ساز ش کے تحت ہوا۔

مولانا سمیع الحق کے قتل کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ مولانا سمیع الحق کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے۔ مولانا سمیع الحق کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن وار کررہاہے مگر کامیاب نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں اسی دارالعلوم کی وجہ سے ہوں۔ جے یوآئی (س)کے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں گے۔

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (س) کے قائم مقام سربراہ مولانا حامد الحق نے کہا کہ والد کے قتل کیخلاف 9 نومبر کو پورے ملک میں یوم احتجاج کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا دائرہ بڑھا کر حکومت گرا سکتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی بالادستی مانتے ہیں اس لیے غیرجمہوری اقدام سے گریز کیا ہے۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شہید مولانا سمیع الحق کے بھائی انوار الحق کو دارالعلوم حقانیہ کا مہتمم اوربیٹے مولانا حامد الحق کو نائب مہتمم مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پرمولانا حامد الحق نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل میں ملوث قوتوں کا اندازہ لگا لیا ہے۔ مولانا سمیع الحق کے قتل کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں۔ گزشتہ روز مولانا حامد الحق نے کہا کہ پارٹی کے سب عہدیدار پرانے عہدوں پر بحال رہیں گے۔ مولانا حامد الحق نے مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ہر سطح پر پاکستان کو متحد رکھنا چاہتے تھے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کی قاتلوں کو گرفتار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ ملعونہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور اسے فوری پھانسی دی جائے۔