پنجاب یونیورسٹی رینکنگ میں بہتری کیلئے قابل اساتذہ ، ریسرچ کلچر کی حوصلہ افزائی کی جائے‘سابق وائس چانسلر ز

تمام تعلیمی معاملات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے یونیورسٹیوں کو ہر طرح کے سیاسی دبائو سے آزاد رکھنا ہوگا‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 8 نومبر 2018 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی کے سابقہ وائس چانسلر ز اور ماہرین تعلیم نے یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں اضافے کے لئے ریسرچ کلچر کے فروغ اورمیرٹ پر قابل اساتذہ کی تعیناتیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے،تمام تعلیمی معاملات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے یونیورسٹیوں کو ہر طرح کے سیاسی دبائو سے آزاد رکھنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس سے کیا۔ اس موقع پر1974میں تعینات سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ،وزیر تعلیم اور سابق چیئرمین یونیورسٹی گرانٹ کمیشن شیخ امتیاز علی دیگر سابق وائس چانسلر زبشمول خالد حمید شیخ ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ارشد محمود ، پروفیسر افضل بیگ، پروفیسر عارف بٹ ، پروفیسر زکریا ذاکر، پروفیسر ناصرہ جبیں ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختراور مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطبات میں وائس چانسلر ز نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ہونے والی تحقیق کا معاشی و سماجی سطح پر مثبت اثر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے مابین روابط کو مضبوط بنانے کے لئے ہر یونیورسٹی میں آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائیزیشن کو متحرک کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور نالج اکانومی کا دور ہے اوراپنی بقاء کیلئے شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قابل اساتذہ کی تعیناتیوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ یونیورسٹی کی رینکنگ اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اساتذہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی تمام اداروں کے لئے ماں کی حیثیت رکھتی ہے جسے تعلیم کے ہر شعبہ میں لیڈ رول ادا کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی سطح پر پالیسی سازی میں معاونت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کو مزید بہتر بنانے اور معاشی و سماجی اثرات پر مبنی تحقیق کیلئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سماجی مسائل سے نمٹنے کیلئے سوشل سائنسز سکول قائم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ابھرتے ہوئے رجحان کے باعث انٹر ڈسپلنری تحقیق کو فروغ دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو طلبہ کی کردار سازی اور انڈسٹری کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کی مہارتوں میں اضافہ کیلئے خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے ایشیا میں پنجاب یونیورسٹی کی 39درجے ترقی کرنے اور یونیورسٹی کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانے کیلئے تمام سٹیچوئیر ی باڈیز کا اجلاس منعقد کرانے پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر کو مبارک باد پیش کی۔وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمداختر نے سابقہ وائس چانسلرز کو بہترین تجاویز پیش کرنے پرشکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کے تمام معاملات قانون کے مطابق کرنے کی یقین دہانی کرائی۔