Live Updates

وفاق کی صوبوں کو پولیو کے خلاف مہم کو تیز کرنے کی ہدایت

وفاق صوبوں کو ہرممکن سہولیات اور مدد فراہم کرے گا ، ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلیے تمام اقدامات کیے جائیں گے ،ْوزیراعظم

جمعہ 9 نومبر 2018 18:05

وفاق کی صوبوں کو پولیو کے خلاف مہم کو تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) وفاق نے صوبوں کو پولیو کے خلاف مہم کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کااجلاس ہوا جس میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار ،وزیراعلی سندھ ، وزیراعلی گلگت بلتستان نے شرکت کی۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا ، وزیر صحت ، صوبائی چیف سیکرٹریزاوردیگرحکام بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وفاق صوبوں کو ہرممکن سہولیات اور مدد فراہم کرے گا ، ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فرض ہے، ہمیں اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانا ہے اور اس حوالے سے عوام میں آگاہی کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالمی اداروں کی مدد اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات