بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان میں بھیجی گئی رقوم میں اضافہ

بیرون ملک پاکستانیوں نے اس سال جولائی تا اکتوبر (چار ماہ میں ) 7.4 بلین ڈالرز پاکستان بھیجے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 10 نومبر 2018 11:38

بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان میں بھیجی گئی رقوم میں اضافہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 نومبر 2018ء ) :بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان میں بھیجی گئی رقوم میں اضافہ ہوا ہے۔بیرون ملک پاکستانیوں نے اس سال جولائی تا اکتوبر (چار ماہ میں ) 7.4 ارب ڈالرزپاکستان بھیجے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد ایک مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جولائی سے اکتوبر کے ماہ میں 7419.98 ملین ڈالر پاکستان بھیجے۔

جب کہ پچھلے سال انہیں مہنیوں میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کی طرف سے 6,444.46 ملین ڈالر بھیجے گئے تھے۔اکتوبر 2018ء میں سعودیہ عرب ،دبئی اور خلیجی ممالک کے علاوہ ملائشیا، ناروے،جاپان،کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک سے پاکستانیوں نے اپنے ڈالر بھجوائے۔اس سے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 19کے پہلے تین ماہ(جولائی تا ستمبر) میں 5419.51ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے، جبکہ گذشتہ برس اس عرصے میں 4790.01 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے، چنانچہ 13.14 فیصد نمو ہوئی۔

(جاری ہے)

ستمبر 2018 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1452.43ملین ڈالررہی جو اگست2018 کے مقابلے میں 28.70فیصد کم ہے جبکہ ستمبر 2017 کے مقابلے میں 12.25 فیصد زائد ہے۔ بلحاظ ملک جولائی 2018 کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات،امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوںبشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان اور یورپی یونینکے ملکوں سے بالترتیب360.16ملین ڈالر، 301.15ملین ڈالر، 231.21ملین ڈالر، 203.08ملین ڈالر، 133.95ملین ڈالر، اور 41.1 ملین ڈالرپاکستان بھجوائے گئے،جبکہ ستمبر 2017 میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 308.05ملین ڈالر، 302.77ملین ڈالر، 171.9ملین ڈالر، 194.76 ملین ڈالر، 141.02 ملین ڈالر اور 45.07ملین ڈالر تھیں۔

ستمبر 2018 میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 181.78ملین ڈالر رہیں جبکہ ستمبر 2017 میں ان ملکوں سی130.31ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔