وفاقی وزیر فواد چوہدری کے سینیٹ داخلے پر پابندی عائد

چئیرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی سینیٹ داخلے پر پابندی کی رولنگ جاری کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 نومبر 2018 14:03

وفاقی وزیر فواد چوہدری کے سینیٹ داخلے پر پابندی عائد
فاواداسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2018ء) وفاقی وزیر فواد چوہدری کے سینیٹ داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی سینیٹ داخلے پر پابندی کی رولنگ جاری کر دی ہے۔چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو ایوان میں آ کر معافی مانگنی چاہئیے۔

معافی مانگنے تک فواد چوہدری کے رواں اجلاس میں شرکت کرنے پر پابندی ہو گی۔ایوان بالا اعلی ترین روایات کا حامل رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا،ایوان میں کچھ عرصہ سے بد مزگی پیدا ہو رہی ہے۔چئیرمین سینیٹ نے اپنی رولنگ میں مزید کہا کہ لازمی ہے کہ اس طرح کی باتوں اور رویوں سے احتیاط کریں۔ہاؤس کو احسن طریقے سے چلانے میں زیادہ ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کسی ممبر کو ایسے الفاظ یا اشاروں کا استعمال نہیں کرنا چاہئیے جس سے ایوان کا تقدس مجروح ہو۔وزیر اطلاعات کے خلاف قوائد 13(3)اور رول 264کے تحت کاروائی کی جا رہی ہے۔فواد چوہدری اجلاس کے جاری باقی سیشنز میں شریک نہیں ہو سکتے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں بدمزگی پیدا ہونا شروع ہوئی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ احتیاط کریں۔

جمعرات کو چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات کو معافی مانگنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ایوان میں آکر معافی مانگیں، اگر معافی نہیں مانگتے تو ان پر جاری اجلاس میں داخلے پر پابندی لگاتا ہوں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ممبران پر لازم ہے کہ وہ چیئرمین، قائد ایوان اور حزب اختلاف کا احترام کریں، ممبران ایوان میں ایسے الفاظ اور اشارے نہ کریں جو غیر مناسب ہیں۔چیئرمینسینیٹ کی ہدایت کے بعد سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ ایک گروہ ہے جو عملی طور پر پارلیمنٹ کو بے توقیر کرتا رہا، اب یہ اندربیٹھ کر پارلیمان کو بے توقیر کررہے ہیں، جب بھی اجلاس ہوگا وزیر اطلاعات آکر چیئرمین اور ایوان سے معافی مانگے گا اور کہے گا کہ آئندہ ایسا عمل دوبارہ نہیں کروں گا۔