Live Updates

پاکستان اور ہاکی کا کھیل ہمیشہ لازم و ملزم رہا ہے،چوہدری محمد سرور

ہاکی پاکستان کا قومی کھیل بھی ہے، ماضی میں اِس کھیل نے ملک کے لئے وہ شاندار کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں جوہاکی کی تاریخ کا درخشندہ باب ہے،قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 15 نومبر 2018 23:21

پاکستان اور ہاکی کا کھیل ہمیشہ لازم و ملزم رہا ہے،چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2018ء) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہاکی کا کھیل ہمیشہ لازم و ملزم رہا ہے ۔ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل بھی ہے اور ماضی میں اِس کھیل نے ملک کے لئے وہ شاندار کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں جوہاکی کی تاریخ کا درخشندہ باب ہے ۔ ہاکی کے میدان میں پاکستان ایک بار پھراِن اُبھرتے ہوئے باصلاحیت اور محنتی کھلاڑیوں کی بدولت اپنا کھویا ہوا مقام ضرورحاصل کرے گا۔

ان خیالات کا اِظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میںقومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جس ملک کے میدان کھیلوں سے آراستہ ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال حقیقتاً ویران ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے کھلاڑیوں پر فخر اور ناز ہے وہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان ہو یا وسیم اکرم ، ہاکی کے میدان میں شہناز شیخ ہو یا منیر ڈار اور سکوائش کے میدان میں جہانگیر خان ہویا جان شیر،پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جو تا حیات اپنی کارکردگی کی وجہ سے زندہ جاوید رہے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کھیل کے شعبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اب پی ٹی آئی کی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ اِس کھیل کو بھی اسی معراج پر پہنچائے گی جہاں کبھی وہ کھڑی تھیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج ملک کا وزیر اعظم ایک نامور کھلاڑی ہے ۔

قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس میںمشہور انڈین اداکارہ شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر نامور شاعر جاوید اختر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فیض احمد فیض کی بیٹی سلیمہ ہاشمی بھی اِن کے ہمراہ تھیں۔ گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان اًمن پسند ملک ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا مواقع ملے گا۔

اس موقع پر جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ جس طرح علم کی کوئی انتہا نہیں ہوتی اسی طرح فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ فنکار اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیار اور محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ شبانہ اعظمی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیاں عوامی سطح پر رابطے ہونے چاہئیں۔

دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس میں سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ممبرز صوبائی اسمبلی نے صوبائی وزیر برائے محنت و انسانی وسائل انصر مجید خاں کی قیادت میںملاقات کی۔ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے گورنر پنجاب کو اِنہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کوپورا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات