افغانستان میں ایس پی طاہر خان داوڑ کے بہیمانہ قتل کے بعد انکی جسد خاکی پاکستان لائی گئی، جسد خاکی پاکستانی وفد کے حوالے کر دی گئی‘ ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 15 نومبر 2018 23:46

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) افغانستان میں دو روز قبل ایس پی طاہر خان داوڑ کے بہیمانہ قتل کے بعد انکی جسد خاکی جمعرات کو پاکستان لائی گئی، جسد خاکی پاکستانی وفد کے حوالے کر دی گئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے اللہ تعالی سے دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ 13نومبر کو ظاہر خان داوڑ کی موت کے اطلاع کے بعد وزارت خارجہ امور اور کابل میں پاکستانی سفارتخانہ نے فوری خبر کی تصدیق اور متوفی کی لاش پاکستان کے حوالے کرنے کیلئے افغان حکام سے رابطہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں افغان ناظم الاامورکو دو بار دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور لاش کی حوالگی میں تاخیر پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔جس کے نتیجے میں سرکاری وفد نے جمعرات کو افغانستان کا دورہ کیا اور جسد خاکی انکے حوالے کر کے پشاور لائی گئی۔ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ افغان حکام افغانستان میں پاکستانی پولیس افسر کے قتل کی تحقیقات میں مکمل تعاون کرینگے۔